پہاڑی علاقوں میں برفباری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا

کالام اور ملحقہ علاقوں میں ہفتے کے روز سے جاری شدید برفباری کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری ہے، جس سے موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کالام، مہوڈنڈ کے علاوہ کالام سٹی میں شدید برف باری جاری ہے، برف باری سے موسم انتہائی سرد موسم سے جہاں ایک طرف سیاح لطف اندوز ہو رہے ہیں تو دوسری طرف راستے بند ہونے سے مشکلات میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے،تمام متعلقہ اداروں کو برفباری کے دوران محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم کے بالائی علاقوں گریس، اڑنگ کیل شونٹھر اور سرگن ميں برفباری سے مزيد موسم سرد ہوگيا۔ برفباری کا سلسلہ مزيد ایک روزتک جاری رہنے کا امکان ہے۔

سوات کی وادی کالام میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے سیاحوں کی بھی موجاں ہو گئی،وادی کالام میں آسمان سے روئی کی مانند سفید گالے گرے تو منظر اور بھی نکھر گیا۔ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی تو جیسے من کی مرادیں بھر آئیں۔ برف باری کے منتظر سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے اور وہ برف باری س خوب لطف اندوز ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے برف باری جاری رہنے کی نوید سنا دی ہے۔

دوسری جانب بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئی ہیں، جہاں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پرووینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج صبح سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں دوپہر تک بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی سسٹم پیر کی رات تک بلوچستان کے مختلف علاقوں پر اثرانداز ہوتا رہے گا۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے،کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود ہے ، اتوار 8 جنوری کی صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور کوئٹہ کے اطراف میں پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

بارش اور برف باری سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ، چمن، پشین، مستونگ، بولان ، زیارت اور قلات میں بھی بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، نوکنڈی، دالبندین، چاغی اور قلات میں بھی آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ، بارش اور برف باری کا یہ سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

موسم سرما کی سبزی مٹر انسانی صحت کیلئے مفید قرار

Back to top button