سہیل آفریدی کی اڈیالہ جیل آمد، پولیس نے عمران خان سے ملاقات سے روک دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تو پولیس نے انہیں جیل جانے کی اجازت نہیں دی۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاکہ وہ این ایف سی اجلاس کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر اسلام آباد سے یہاں پہنچے ہیں اور اجلاس میں خیبرپختونخوا کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بتایا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت قبائلی اضلاع کو تو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا، لیکن ان اضلاع کا مالی حصہ تاحال صوبے کو منتقل نہیں ہوا۔
سہیل آفریدی کاکہنا تھاکہ اجلاس میں واضح کیا کہ ہمارا حصہ نہ دینا آئین کے منافی ہے،جس پر 8 دسمبر تک سب کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا جب کہ این ایف سی کا اگلا اجلاس جنوری کے وسط میں ہوگا۔آئندہ اجلاس میں بھی اس معاملے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا کیوں کہ دہشت گردی نے خیبرپختونخوا کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ باقی تینوں صوبوں کو ان کا حق مل رہا ہے لیکن خیبرپختونخوا کو نظرانداز کیا جارہا ہے، البتہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ صوبے کو اس کا جائز حق دیا جائے گا۔
