سنی دیول نئی فلم ’’لاہور 1947‘‘ میں جلوہ افروز ہوں گے

فلم ’’غدر ٹو‘‘ کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ سٹار سنی دیول نے بہت جلد نئی فلم ’’لاہور 1947‘‘ کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا ہے، فلم کو عامر خان پروڈیوس کر رہے ہیں، اس فلم کی کہانی بھی انڈو پاک بالخصوص لاہور کے گرد گھومے گی۔اداکار و پروڈیوسر عامر خان کی کمپنی ‘عامر خان پروڈکشنز’ نے منگل کو فلم ‘لاہور: 1947’ کا اعلان کیا جس کے ذریعے سنی دیول کامیاب ہدایت کار راج کمار سنتوشی کے ساتھ 27 برس بعد کام کریں گے، عامر خان کے مطابق فلم کی ہدایت کاری ان کے پسندیدہ ڈائریکٹرز میں سے ایک راج کمار سنتوشی کریں گے، راج کمار سنتوشی ‘انداز اپنا اپنا’ جیسی فلم بنا چکے ہیں۔عامر خان نے فلم کی کہانی کے بارے میں تو زیادہ نہیں بتایا لیکن فلم کے نام سے امکان ہے کہ اس کا پلاٹ پاکستان اور بھارت کی آزادی کے گرد گھومے گا، اس سے قبل عامر خان 25 برس قبل ہدایت کارہ دیپا مہتا کی فلم ’’ارتھ: 1947‘‘ میں بھی کام کر چکے ہیں جس کی کہانی پاکستانی مصنفہ بپسی سدھوا کی کتاب ‘آئس کینڈی مین’ سے ماخوذ تھی، یہ کہانی 1947 کے فسادات کے تناظر میں لکھی گئی تھی۔بالی ووڈ میں اگر کسی فلم نے لاہور کی درست عکاسی کی ہے تو وہ ہدایت کار یش چوپڑا کی فلم ‘ویر زارا ہے جو 2004 میں ریلیز ہوئی تھی چوںکہ یش چوپڑا خود 1932 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے اس لیے انہوں نے اسے مثبت انداز میں پیش کیا تھا، اسی طرح میرا نائر کی ہالی وڈ فلم ‘دی ری لکٹنٹ فنڈا مینٹلسٹ’ میں بھی لاہور کی عکاسی درست انداز میں کی گئی جس کی سب سے بڑی وجہ مصنف محسن حامد کا فلم کے ساتھ جڑا ہونا تھا۔رانی مکھرجی اور شاہد کپور کی فلم ‘دل بولے ہڑیپا’ کے کلائمکس میں بھی لاہور دکھایا گیا ہے لیکن اس کی شوٹنگ بھارت ہی میں ہوئی تھی، سنی دیول کی فلم ‘غدر ٹو’ رواں برس کی کامیاب ترین فلم بن کر سامنے آئی ہے لیکن اگر ان کے مداحوں سے ان کی پانچ بہترین فلموں کے نام ہوچھے جائیں تو اس میں سے تین فلمیں راج کمار سنتوشی کی ہوں گی۔ 1990 سے 1996 کے درمیان راج کمار سنتوشی اور سنی دیول نے تین سپر ہٹ فلمیں دیں جس میں گھائل، اور گھاتک قابلِ ذکر ہیں، البتہ ان کی فلم ‘دامنی’ کا ایک ڈائیلاگ سب کو یہ یاد ہے جس میں سنی دیول کا کردار اپنے ہاتھ کا وزن بتا کر دشمن کو لڑنے کا چیلنج دیتا ہے۔1990 میں سنی دیول کی فلم ‘گھائل’ اور عامر خان کی ‘دل’ ایک ساتھ ریلیز ہوئیں تھیں جبکہ چھ سال بعد ‘گھاتک’ اور ‘راجہ ہندوستانی’ آمنے سامنے آئیں تھیں لیکن سب سے مشہور ٹاکرا 2001 میں اس وقت ہوا جب عامر خان کی فلم ‘لگان’ اور سنی دیول کی ‘غدر ایک پریم کتھا’ ایک ہی دن ریلیز ہوئیں تھیں اور دونوں ہی نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی تھی۔

Back to top button