سید نور نے فلاپ اداکار شان کو سپر ہٹ ہیرو کیسے بنایا؟

پاکستانی فلم انڈسٹری کو لیے کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے معروف ہدایتکار سید نور نے اداکار شان شاہد کے برے دنوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انکی ایک کے بعد ایک فلم فلاپ ہونے پر کئی انویسٹرز نے فلمیں بنانے کے لیے دی گئی ایڈوانس رقوم واپس مانگ لی تھیں۔ شان کی ساکھ اتنی خراب ہو گئی تھے کہ پروڈکشن ٹیمیں ان کو نئی فلموں کے لیے منحوس قرار دینے لگی تھیں۔ سید نور نے شان بارے بتایا کہ انہوں نے میری لکھی ہوئی فلم ’ بلندی ‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور انہیں بلندی میں ہیرو کا رول دیا گیا تھا۔ اس ایک فلم نے شان کو فلم انڈسٹری میں بلندیوں پر پہنچا دیا۔

سید نور نے بتایا کہ فلم بلندی کی کامیابی کے بعد لوگ بھیڑ چال چلتے ہوئے شان پر ٹوٹ پڑے لیکن ایک دو فلموں کے بعد شان کی فلمیں فلاپ ہونا شروع ہو گئیں، جس کے بعد ایک وقت ایسا آیا کہ لوگوں نے شان کو فلموں میں لینا ہی چھوڑ دیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس کے بعد شان کو فلمسازوں نے منحوس قرار دینا شروع کر دیا اور وہ مایوس ہو کر پاکستان چھوڑ گئے اور تین برس امریکا میں رہے۔سید نور کا کہنا تھا کہ اس کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ شان ایک اچھے آرٹسٹ ہیں اور انہیں پاکستان واپس آنا چاہئے، میں نے فلم گھونگھٹ کے لیے شان کو ملک واپس لانے کا سوچا لیکن جس تھرڈ پارٹی نے فلم خریدی ہوئی تھی انہوں نے شان کا نام سن کر کہا کہ ہمیں ہمارے پیسے واپس کر دیں۔ اس پر میں نے پارٹنر سے کہا جو پیسے واپس لیتا ہے اسے دے دیں، شان اس فلم میں ہٹ ہوں گے۔ میں نے تمام تر مخالفت کے باوجود شان کو ہیرو لے کر فلم گھونگھٹ بنائی جس نے فلم بلندی کی طرح ایک بار پھر مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور شان کا فلمی دنیا میں کم بیک ہوا۔

یاد رہے کہ 59 سالہ اداکار شان نے فنکار گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ہدایت کار ریاض شاہد اور اداکارہ نیلو کے صاحبزادے شان بطور چائلڈ سٹار فلم انڈسٹری میں آئے۔ انہوں نے 1990 میں فلم بلندی میں بطور ہیرو انٹری دی۔ شان نے 90 کی دہائی میں فلم انڈسٹری پر راج کیا۔

سلطان راہی کی اچانک موت کے بعد شان کی اداکارہ صائمہ کے ساتھ جوڑی بن گئی اور وہ پنجابی فلموں کی ضرورت بن گئے۔ انہوں نے 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کرنے کے علاوہ 10 سے زائد فلموں کی ڈائریکشن دی۔ شان کی نئی فلم ضرار حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جس میں انہوں نے آئی ایس آئی کے افسر کا کردار کیا ہے۔ اس فلم میں وہ محب وطن محافظ کا کردار نبھا رہے ہیں۔شان کو سال 2007 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ شائقین کے نزدیک وہ اب بھی لالی ووڈ کے سپرسٹار ہیں۔

سلمان خان پر سومی علی کے جنسی، جسمانی تشدد کے الزامات

Back to top button