ٹانک،مسلح افراد نےخواتین پولیوورکرزکویرغمال بنالیا،ڈیڑھ گھنٹےبعدبازیاب

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران ڈیری اباخیل کے علاقے میں مسلح افراد نے 2خواتین پولیو ورکرزکویرغمال بنالیا۔ڈیڑھ گھنٹے بعد بازیاب کرالیاگیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ ٹیم میں شامل خواتین کی شناخت عابدہ پروین اور علینہ کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق یونین کونسل گرہ بلوچ سے ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے تحت ٹیم اپنی ڈیوٹی پر موجود تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے نہ صرف خواتین ورکرز کو ڈیڑھ گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا، بلکہ ان سے موبائل فونز اور نقدی بھی چھین لی۔
اسی دوران ملزمان نے کوٹ سلطان بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے فوری طور پر حرکت میں آ کر دونوں خواتین ورکرز کو بازیاب کرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
