تربیلا ڈیم مکمل جبکہ منگلا ڈیم 75 فیصد بھر گیا، سیلاب الرٹ جاری

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ڈیموں میں پانی کی سطح اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے، جب کہ بعض مقامات پر دریاؤں میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

ترجمان فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جب کہ منگلا ڈیم 75 فیصد بھر چکا ہے۔

اسی حوالے سے ترجمان واپڈا نے بتایا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,550 فٹ تک پہنچ چکی ہے، اور آج کا ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

دریائے سندھ پر تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 68 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 38 ہزار 900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

منگلا ڈیم میں پانی کا لیول 1,217.45 فٹ ہے، اور آج کا ذخیرہ 54 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

دریائے جہلم پر پانی کی آمد 38 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 7 ہزار کیوسک ہے۔

چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 3 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 51 ہزار 600 کیوسک ہے۔

آج چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 94 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

دریائے چناب کے ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 67 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 49 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے کابل نوشہرہ پر پانی کی آمد و اخراج 44 ہزار 600 کیوسک ہے۔

ترجمان کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں مجموعی طور پر پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 12 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ ہو چکا ہے۔

Back to top button