پاکستان میں ایک کروڑ افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکارنکلے

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ایک کروڑ افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں لیکن 80 فیصد مریض اس بیماری سے لاعلم ہیں تاہم 67 ارب روپے کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام کی سافٹ لانچنگ کی تقریب میں مفت سکریننگ اور علاج کا اعلان کر دیا اور پروگرام کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اسے پاکستان کے صحت کے شعبے کے لیے تاریخی اور انقلابی قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 67 ارب روپے مالیت کا یہ پروگرام ایک دہائی کی مسلسل کوششوں کے بعد شروع کیا گیا ہے، دنیا بھر میں تقریباً 6 کروڑ ہیپاٹائٹس مریض موجود ہیں جن میں سے ایک کروڑ پاکستان میں ہیں جبکہ 80 فیصد افراد اپنی بیماری سے لاعلم ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں جگر کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے احتیاط، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی انتہائی ضروری ہے۔
