آزاد کشمیر انتخابات: دھاندلی الزامات پر 2 پریزائیڈنگ افسر معطل

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آنے پر دو پریزائیڈنگ افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے اپنی نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے فوری طور پر پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے لیے۔ بعد ازاں ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر کے متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر روانہ کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ معطل پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں غفلت یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے اور وزیراعظم آزاد کشمیر و چیف الیکشن کمشنر سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں دھاندلی کا الزام
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ثقلین اور قیصر پٹواری سے مبینہ دھاندلی کے معاملے پر تفتیش کی جائے اور انکوائری مکمل ہونے تک متعلقہ حلقے میں انتخابی عمل روک دیا جائے۔
