کولمبیا میں دہشت گردی،دھماکے میں بچوں سمیت 14 افراد ہلاک

کولمبیا کے جنوب مغربی علاقے کاؤکا میں ایک ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 38 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ دھماکہ پان امریکن ہائی وے پر کاخیبیو کے علاقے میں ہفتے کے روز پیش آیا، جہاں ایک بارودی مواد سے بھری ڈیوائس کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
کاؤکا کے گورنر نے اس واقعے کو شہری آبادی کے خلاف اندھا دھند حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور حکومت سے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کولمبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ہیوگو لوپیز نے اسے دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے پیچھے بدنام زمانہ کمانڈر ایوان موردیسکو کے نیٹ ورک اور جائمے مارٹینیز گروپ کا ہاتھ ہو سکتا ہے، جو سابق گوریلا تنظیم کے منحرف دھڑے ہیں۔
دوسری جانب کولمبیا کے صدر گستاف پیٹرو نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو ’دہشت گرد، فاشسٹ اور منشیات فروش‘ قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران اس خطے میں کم از کم 26 پرتشدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں پولیس اسٹیشن پر حملے، فوجی تنصیبات کے قریب دھماکے اور ڈرون حملے شامل ہیں۔

Back to top button