معیشت ترقی کر رہی ہے، کیا یہ اپوزیشن کو قبول نہیں ہے؟عطاتارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کاکہناہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے کیا یہ اپوزیشن کو قبول نہیں ہے ؟منہگائی میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے۔سٹاک مارکیٹ بلندترین سطح پرپہنچ چکی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس کو گمراہ کن اور حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت پر بے بنیاد بیانات دینا عوامی مفاد کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ حقیقت اپوزیشن کو تسلیم نہیں کہ ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ 2.1 ارب ڈالر سرپلس ہو چکا ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری کی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریاستی اداروں پر حملے ایک منظم سازش کے تحت کیے گئے، اس سنگین جرم پر قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں اور یہ تمام فیصلے شفاف اور منصفانہ ٹرائل کے بعد سنائے گئے۔ اپوزیشن کو اس بات پر اعتراض ہے کہ سازش میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے موجودہ طرزِ حکمرانی کو غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک عملاً مارشل لا کے تحت چل رہا ہے اور فیصلے ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہو رہے ہیں، موجودہ ہائبرڈ نظام میں ملک نہیں چل سکتا۔

Back to top button