پر امن جدوجہد سے پاکستان کا قیام تاریخ کا بے مثل باب ہے : صدر پاکستان

صدر پاکستان آصف علی زرداری یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جشن آزادی پرعہد کریں کہ عوامی ترقی کےلیے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوش حال ملک بنائیں گے۔
صدر پاکستان صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پرپوری پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتاہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کےلیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔صدر مملکت نےکہا کہ پر امن اورجمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کےلیے انگنت قربانیاں دینےوالے تحریک پاکستان کےرہنماؤں، کارکنوں اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، موجودہ چیلنجز سےنمٹنے کےلیے اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر كام کرناہوگا۔
ملک بھر میں 78واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
صدر پاکستان نے کہاکہ ملکی اتحاد،سالمیت اور معاشی استحکام کےلیے پ رعزم ہو کرکام کرنے کی ضرورت ہے،ہمارے ملک کو بےشمار انسانی اور قدرتی وسائل سےنوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کےلیے وسائل کو بروئے کارلائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہئے، قائداعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہئے۔
