وفاق نے افغانستان جرگہ بھیجنے کی میری تجویز مان لی : گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے افغانستان جرگہ بھیجنے سے متعلق میری بات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔لیکن 9 مئی کو میرا پاسپورٹ بلاک ہوا تھا اور وہ ابھی تک بلاک ہے، اگر عمران خان نے اجازت دی تو پھر بغیر پاسپورٹ کے افغانستان چلا جاؤں گا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی ہمارا اہم مسئلہ ہے، ہمارا صوبہ افغانستان کے ساتھ واقع ہے، افغانستان کئی دہائیوں تک حالت جنگ میں رہا،پڑوسی ملک کے اثرات ہمارےصوبے پر پڑتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بار بار مذاکرات کی بات کررہا ہوں تاکہ سب کو آن بورڈ لیا جائے، ڈیڑھ سال سے وفاقی حکومت کو جرگہ بنانے کا کہہ رہا ہوں،تمام مشران اور اقوام نے جرگہ پر اتفاق کیا ہے،اب وفاقی حکومت نے ہماری بات پر آمادگی ظاہر کر کے جرگہ کی حمایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ افغانستان کے ساتھ بات کرنے کا میرا اختیار نہیں وزارت خارجہ کا اختیار ہے،جو لوگ کہتے ہیں میرے تعلقات اچھے ہیں، ان کےلیے عرض ہے میرا پاسپورٹ بلاک ہے، 9مئی کو میرا پاسپورٹ بلاک ہوا تھا، وزیراعلیٰ بننے کے باجود بھی اوپن نہیں ہوا، عمران خان نے مجھے افغانستان جانے کا پیغام دیا ہے، عمران خان سےمیری ملاقات نہیں ہونے دی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر جرگے میں افغانستان جانا پڑا تو کیسے جاؤں گا؟پاسپورٹ کےلیے درخواست دے رکھی ہے لیکن ابھی تک انہیں پاسپورٹ نہیں مل رہا،افغانستان میں جرگہ میں شرکت کےلیے پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے، اگر عمران خان نے اجازت دی تو پھر بغیر پاسپورٹ کے افغانستان جاؤں گا۔
