سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم میں نئی ترامیم دو تہائی اکثریت سے منظور

سینیٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی نئی ترامیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کرلیا۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں جاری ہے جس میں 27 ویں آئينی ترمیم کا نیا متن پیش کیاگیا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں ترمیم کے نئے متن کو سینیٹ میں پیش کیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ترمیم پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے ایوان میں ڈیسک بجاکر احتجاج کیا۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر نے ایوان کو بتایاکہ آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میں جو سینئر ہوگا وہ چیف جسٹس پاکستان ہوگا،صدر کا حلف چیف جسٹس پاکستان لیں گے اور الیکشن کمیشن کا حلف چیف جسٹس پاکستان لیں گے۔
ترامیم کی منظوری کےلیے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیاکہ تقسیم کے ذریعے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے، 64 ووٹ مزید ترامیم کے حق میں آئے ہیں، 4 ووٹ مخالفت میں آئےہیں،سینیٹ نے ستائیسویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کرلیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے 4 سینیٹرز نے ترمیم کی مخالفت میں ووٹ دیے،سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور سینیٹر احمد خان نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز بائیکاٹ کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔
وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید شقوں کی منظوری دینےپر سب سینیٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ دعا ہےکہ یہ ساری کارروائی ملکی بہتری کےلیے استعمال ہو۔
یاد رہے کہ 27 ویں آئينی ترمیم گزشتہ روز قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے منظور کی گئی،اپوزيشن نے بل کی کاپیاں پھاڑدیں اور سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئےکارروائی کا بائيکاٹ کیا۔
27 ویں ترمیم کی منظوری کےلیے حکومت کے پاس درکار 224 سے زیادہ 234 ارکان موجود تھے تاہم جے یو آئی ف نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
قومی اسمبلی میں 27 ویں ترمیم میں 8 نئی ترامیم شامل کی گئی ہیں،حکومت نے تجاویز پر آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں تبدیلی کر دی کلاز 2 کے تحت سنگین غداری کا عمل کسی بھی عدالت کےذریعے جائز قرار نہیں دیا جاسکےگا،آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ساتھ آئینی عدالت کے لفظ کا اضافہ کیا گيا۔
موجودہ چیف جسٹس کو عہدےکی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائےگا،اس کےبعد چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینئر ترین جج چیف جسٹس پاکستان ہوگا۔
