وزیرپیٹرولیم نے لیوی میں اضافے کی ذمہ داری آئی ایم ایف پرڈال دی

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر آج لیوی جنگ کے دوران عائد لیوی سے کم ہے، لیوی کم کرنے پر آئی ایم ایف راضی نہیں ہوگا، اگر متبادل لیوی کا آپشن مل گیا تو شاید راضی ہوجائیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کا اجلاس عمر فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ریگولیٹر کی ذمہ داری ہے کہ قیمتوں پر شراکت داروں کو اکٹھا کرکے فیصلہ کرے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اختیاراوگرا کو دے دیا ہے، قیمتیں طے کرنے کا طریقہ کار اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے، وزیراعظم نے کہا تھا شفافیت کے لیے طریقہ کار کو اردو زبان میں بھی شائع کیا جائے، قیمتوں کے حوالے سے آج بھی سات دن کی رولنگ ایوریج لی جاتی ہے، عالمی منڈی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت لی جاتی ہے، عالمی منڈی کی قیمت میں حکومتی ٹیکسز اور کمپنیوں کا منافع شامل ہوتا ہے، جب ہفتہ وار قیمتیں طے ہوتی تھیں تین دن کی ایوریج قیمت سامنے آنے پر پیٹرول کی سپلائی کم کردیتے تھے۔
