ریاست بندوق اورنعروں سےبلیک میل نہیں ہوگی،طلال چودھری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری کاکہناہے کہ ریاست فیصلہ کرچکی ہے کہ اب بندوق اور نعروں میں سے کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں نادرا دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، اور ملک کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کسی بھی صورت نہیں رکے گا، چاہے جتنے مرضی وزرائے اعلیٰ کیوں نہ بدل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اُس وقت اسرائیل کا نام لیا جب کئی لوگ اس کا ذکر کرنے سے گھبراتے تھے اور آج غزہ میں خوشی منائی جا رہی ہے کیونکہ فلسطینیوں کو ایک آزاد ریاست کی امید دکھائی دے رہی ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اکثر کہا جاتا ہے حکومت اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر چلتی ہے، لیکن یہ کیوں نہیں کہا جاتا کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت کو سپورٹ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند سو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں تو اس سے ریاست دباؤ میں نہیں آئے گی، اگر طاقت کا استعمال ہوا تو ذمہ داری ان پر ہوگی، ریاست کے خلاف کہیں بھی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ ریاست کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی، ہمارے کئی لوگ زخمی ہوئے، مگر عوام کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہیے، نہ کہ جذباتی نعروں پر۔
