دنیا کو ملکر فلسطین، کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت کا خاتمہ کرنا ہوگا، اسحٰق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے فلسطین اور کشمیرمیں جاری مظالم کو اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں سفرا کانفرنس سےخطاب کرتےہوئے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نےکہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی ، اسرائیل کےجنگی جرائم اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے،دنیا کو مل کر اسے ختم کرنا ہوگا، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔

اسحٰق ڈار نےکہا ہےکہ دنیا کومتعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اورسیکیورٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہےگا، سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔

اسحٰق ڈار نےتقریب میں شریک سفیروں کو سال نو کی مبارک باد پیش کی اورکہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر عمل کرنےکےلیے پر عزم ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک شعبہ توانائی کیلئے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض دے گا

 

انہوں نےکہاکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کوسلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں،ہم آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان کو اقوام متحدہ میں غیر مستقل رکن بننے کا اعزاز ایسے وقت میں ملا ہے،جب دنیا میں متعدد تنازعات چل رہے ہیں۔

انہوں نےکہاکہ دہشت گردی، انتہا پسندی، اسلاموفوبیا اور عدم برداشت جیسےمسائل بڑے چیلنج کی صورت میں سامنے آئے ہیں، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قیام امن کےلیے پرعزم ہے۔

نائب وزیراعظم نےکہاکہ پاکستان دنیا کو در پیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیےاپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، امید ہے کہ تمام دوست ممالک اورعالمی برادری اس ضمن میں اپنا اپنا کردار بھی جاری رکھیں گے۔

Back to top button