نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود سیاست سے مائنس ہوچکے : مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ نواز شریف کو مائنس کرنے کی بات کرتے تھے، آج وہ خود سیاست سے مائنس ہوچکے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھاکہ جنہوں نے نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی، وہ اپنی ناقص کارکردگی کے باعث خود سیاست سے مائنس ہوچکے ہیں۔ حتیٰ کہ علیمہ خان نے بھی تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اب مائنس ہو چکے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ٹیکس فری بجٹ پیش کیاگیا ہے جب کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نام پر کئی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں، وہاں کے عوام سے بارہا جھوٹے وعدے کیے گئے لیکن اب صاف پانی کی سب سے بڑی اسکیم جنوبی پنجاب سے شروع کی جارہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میرا اصل مقابلہ کسی اور سے نہیں بلکہ اپنی جماعت کے سینئر رہنماؤں نواز شریف اور شہباز شریف سے ہے ۔