خیبرپختونخوا طوفانی بارشیں: چھتیں گرنے سے 12 افراد جاں بحق، 15 زخمی

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات میں اب تک 12 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔ شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ واقعات پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین تک امدادی سامان کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم تیز بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

پاکستان نےایل این جی کا ایک اورمہنگاکارگو خرید لیا

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔

Back to top button