توشہ خانہ فوجداری کیس،عمران خان ذاتی حیثیت میں عدالت طلب

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پر توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کیس کی جلد سماعت کرنےسے متعلق درخواست پرعمران خان کو طلبی کےنوٹس جاری کردیے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 11 اپریل کو صبح ساڑھے 8 بجے پیش ہونے کیلئےسمن جاری کردیئے، عدالت کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہےکہ اگر عمران خان عدالت پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

عدالت نے تھانہ کوہسار کے تفتیشی افسرکو مکمل ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش کرنےکا بھی حکم جاری کیا ہے۔ نوٹس کی تعمیل نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عملہ عدالت میں حاضر ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس کی آئندہ سماعت 29 اپریل مقرر ہے لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی کارروائی تاخیر کا شکار ہونے کے باعث سماعت جلد مقرر کرنے
کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

Back to top button