ژوب میں المناک بس حادثہ،40 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر ژوب کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر کوچ دانہ سر کے مقام پر گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 مسافر جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوری بعد ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ خیبرپختونخوا سے بھی ریسکیو ٹیمیں آپریشن میں شامل ہو گئیں۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں کھائی سے نکالنے کا عمل جاری ہے۔ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے، حادثے کی مکمل تحقیقات کرانے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
