ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سےخفیہ طور پرلاکھوں بیرل تیل منتقلی کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے ذریعے خفیہ طور پر لاکھوں بیرل خام تیل کامیابی سے منتقل کیا ہے، اس خفیہ آپریشن کا بنیادی مقصد عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی کو برقرار رکھنا اور قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ یہ خفیہ سپلائی ہی وہ بڑی وجہ ہے جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں فی الحال 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے برقرار ہیں۔

انہوں نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہم نے گزشتہ راتوں میں لائٹس بند کر کے 22 بحری جہازوں کو وہاں سے نکالا۔ کسی کو اس کی کانوں کان خبر نہیں ہوئی، یہاں تک کہ ایران کو بھی اس کا علم اب ہورہا ہے

امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خلیج فارس میں پھنسے درجنوں تجارتی جہاز امریکی بحریہ کے ساتھ قریبی اور خاموش کوآرڈینیشن کے بعد آبنائے ہرمز سے نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

عہدیدار کے مطابق امریکی افواج ان تجارتی جہازوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جو اس علاقے سے محفوظ طریقے سے گزرنا چاہتے ہیں، تاہم امریکی بحریہ ان جہازوں کو باقاعدہ سکارٹ فراہم نہیں کررہی۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے اس خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سویلین جہازوں پر تین ڈرونز داغے گئے۔

 

Back to top button