ٹرمپ کی  ایران کے تیل وگیس کے ذخائر،خارگ جزیرے پرقبضے کی دھمکی

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نےمستقبل قریب میں ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئی لینڈ اور دیگر توانائی تنصیبات پرقبضےکی دھمکی دیدی۔

ان خیالات کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کیا اور یہ اعلان بھی کیا کہ امریکی فوج ایران پر آج رات سے بڑے پیمانے پر تابڑ توڑ حملے شروع کرے گی۔

صدر ٹرمپ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ امریکا مستقبل میں خارگ جزیرے سمیت ایران کے اہم تیل اور گیس کے انفراسٹرکچر پر قبضہ کرکے ان کی توانائی منڈیوں کا مکمل کنٹرول سنبھال لے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ حکمت عملی اسی طرز پر ہوگی جس طرح امریکا نے وینزویلا میں توانائی کے شعبے سے متعلق اقدامات کیے تھے۔ ایرانی بحریہ، فضائیہ، ریڈار نظام، فضائی دفاع اور اس کی زیادہ تر جارحانہ عسکری صلاحیت پہلے ہی تباہ ہو چکی ہیں۔

خیال رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کی تیل برآمدات کا سب سے اہم مرکز سمجھا جاتا ہے اور ایران کی خام تیل برآمدات کا بڑا حصہ اسی جزیرے کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے۔

مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اس مقام کو نشانہ بناتا ہے تو یہ ایران کی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوسکتا ہے لیکن یہ سب اتنا آسان نہ ہوگا امریکا کو بھی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

 

Back to top button