ٹرمپ کی کل دوحہ میں مذاکرات کی تصدیق،ایران کی تردید

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف اور سابق سینئیر مشیر جیرڈ کشنر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایرانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔جبکہ ایران نے کل مذاکرات کی تردید کردی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نےبتایا کہ امریکی وفد دوحا روانہ ہو گا۔ مفاہمتی یادداشت پر جاری بات چیت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سوشل میڈیا پر اعلان کرچکے ہیں کہ ایران نے ملاقات کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات منگل کو دوحا میں ہوں گے۔

تاہم ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں امریکی حکام کے ساتھ کسی بھی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

امریکا اور ایران کے متضاد بیانات کے باعث دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے انعقاد سے متعلق صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے۔

 

 

Back to top button