تیونس:تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے27 افراد ہلاک

شمالی افریقی ملک تیونس کےشہری دفاع کے عہدیدار نے کہا ہے کہ وسطی تیونس میں 2 کشتیاں الٹنے سےخواتین اور بچوں سمیت27 تارکین وطن ہلاک ہو گئے، جبکہ 83 افراد کو بچا لیا گیا اور متعدد لاپتا ہیں۔
تیونس کے سفیکس شہر میں شہری دفاع کے سربراہ زید سدیری نے بتایا کہ بچائے گئے اور ہلاک ہونے والے مسافر یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے، ان تمام کا تعلق افریقی ممالک سے تھا۔
کوسٹ گارڈ کی نگرانی کرنے والے تیونس کے نیشنل گارڈ کے مطابق دیگر ممکنہ لاپتا مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
تیونس اٹلی کے ساتھ یورپ پہنچنے کے خواہش مند غیر قانونی تارکین وطن کی روانگی کا ایک اہم راستہ ہے، جس کا جزیرہ لیمپیڈوسا تیونس سے صرف 150 کلومیٹر دور ہے۔
ہر سال ہزاروں افراد بحیرہ روم کو عبور کرنےکی کوشش کرتے ہیں،حالیہ دنوں میں بحری جہازوں کےتباہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، اس سفر میں خراب موسم کی وجہ سے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔
