امریکی بی-52 بمبار طیارہ حادثے کا شکار،8 افراد ہلاک

امریکی فضائیہ کا جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا طویل فاصلے تک مار کرنے والا بی-52 بمبار طیارہ پرواز کے چند ہی لمحوں بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ کیلیفورنیا کے ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہوا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں 8 افراد کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم امریکی حکام کی جانب سے ہلاکتوں کی سرکاری تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔ ایئر بیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور اس وقت کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے بلند ہوتے ہوئے گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں، جو واقعے کی شدت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ بی-52 بمبار طیارہ امریکی فضائیہ کا ایک اہم سٹریٹجک ہتھیار سمجھا جاتا ہے، جو روایتی اور جوہری دونوں قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ 1950 کی دہائی سے امریکی فضائی طاقت کا حصہ ہے اور مختلف جنگوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ ایڈورڈز ایئر فورس بیس کو امریکی فضائی تاریخ میں خاص اہمیت حاصل ہے، جہاں ماضی میں انسانی پرواز اور سپرسونک رفتار سے متعلق تاریخی تجربات بھی کیے گئے تھے۔
