امریکا-ایران معاہدہ سفارت کاری کی بڑی کامیابی ہے : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیر مقدم کرتےہوئے اسے سفارت کاری اور مذاکرات کی کامیابی قراردیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی یہ اہم پیش رفت مسلسل سفارتی رابطوں اور دوست ممالک کے اس عزم کی عکاس ہےکہ تنازع اور محاذ آرائی کےبجائے مکالمے کا راستہ اختیار کیاجائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ پیش رفت عالمی برادری کےلیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے اور اس سے عالمی منڈیوں اور عالمی معیشت کو درکار اعتماد اور استحکام ملےگا، خصوصاً ان ترقی پذیر ممالک کو جو علاقائی عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس پورے عمل کے دوران پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ فعال رابطےمیں رہا اور مسلسل تحمل،تعمیری روابط اور مذاکرات کی حمایت کرتا رہا۔پاکستان کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہےکہ تمام مسائل کا پائیدار حل صرف مکالمے اور سفارت کاری کےذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کی قیادت کی جانب سے پاکستان پر کیےگئے اعتماد کو سراہتےہوئے دونوں ممالک کی اس عزم کےلیے تعریف کی کہ وہ پرامن اور مذاکراتی حل کے حصول کےلیے رابطے میں رہے۔
انہوں نے اس عمل میں ترکیہ، سعودی عرب، قطر،مصر اور دیگر برادر ممالک کے علاوہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی سفارتی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا،جنہوں نے اس اہم پیش رفت کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صدر مملکت کا امریکا-ایران معاہدے کا خیر مقدم
انہوں نے کہا کہ زیر التوا امور پر مذاکرات کے جاری رہنے کےدوران پاکستان اس پیش رفت کو مزید مستحکم بنانے کےلیے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کےلیے تیار ہے۔
وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ 19 جون کو جینیوا میں ہونےوالی باضابطہ دستخطی تقریب اس مثبت پیش رفت کو مزید تقویت دےگی اور خطے سمیت پوری دنیا میں دیرپا امن،استحکام اور خوش حالی کی راہ ہموار کرےگی۔
