امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی شراکت داری کا5سالہ معاہدہ

امریکا اور پاکستان نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے 5 سالہ معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن  پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام تعلیمی تبادلے کے پروگرامز کو وسعت دی جائے گی اور ان کی معاونت کی جائے گی، جن میں معروف فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام بھی شامل ہے۔

یہ معاہدہ اس مشترکہ عزم کی تجدید کرتا ہے کہ امریکا اور پاکستان کی حکومتیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے ذریعے باہمی اقتصادی خوشحالی، سلامتی اور سائنسی و تکنیکی ترقی کو فروغ دیں گی۔

معاہدے پر آج اسلام آباد میں یو ایس ای ایف پی کے ہیڈکوارٹرز میں یو ایس ای ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے دستخط کیے۔

اس معاہدے کے تحت معاونت حاصل کرنے والے پروگرامز دونوں حکومتوں کی جانب سے مستقبل کے رہنماؤں، اسکالرز اور پیشہ ور افراد کو بااختیار بنانے میں سرمایہ کاری کی عکاسی کرتے ہیں، جو پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

Back to top button