دھمکیوں اور پروپیگنڈے سے نہیں ڈریں گے : مومنہ اقبال

اداکارہ مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان کسی بھی دباؤ یا دھمکی اور منفی پروپیگنڈے کے آگے جھکنے والے نہیں اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر اپنی بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔انہوں نے کہاکہ اب وہ صرف اپنے ذاتی معاملے کےلیے آواز نہیں اٹھارہیں بلکہ ہر اس شخص کےلیے کھڑی ہیں جو ایسے حالات کا سامنا کرتا ہے۔
مومنہ اقبال نے کہاکہ بعض حلقوں کی جانب سے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ انتہائی تکلیف دہ اور مشکل مرحلہ ہے،لیکن اس کے باوجود انہیں خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔
مومنہ اقبال نے کسی کا نام لیےبغیر الزام عائد کیاکہ حقیقت کا سامنا کرنے کے بجائے پیسے دےکر مہمات چلائی جارہی ہیں اور سوشل میڈیا پر مواد بناکر معاملے کا رخ موڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ جھوٹے قانونی اقدامات اور بےبنیاد کارروائیاں بند کی جائیں اور اصل حقائق پر توجہ دی جائے۔
مومنہ اقبال ہراسانی کیس: ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
یاد رہے کہ میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے رمشا اقبال نے دعویٰ کیا تھاکہ انہیں اور ان کی بہن کو مسلسل خوفزدہ کرنےاور دھمکیاں دینے کی کوشش کی جارہی ہے،جس کے باعث صورت حال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کیےجانے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کےخلاف مقدمہ درج کر رکھاہے۔
