سہیل وڑائچ کو مریم نواز کے میک اپ پر کیا اعتراض ہے؟

 

 

 

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز واحد پاکستانی خاتون سیاست دان ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف خوبصورت ہوتی جا رہی ہیں بلکہ ان کی عمر بھی کم ہوتی دکھائی دیتی ہے، حد تو یہ ہے کہ مریم نواز اپنی سرکاری میٹنگز کے علاوہ عوامی تقریبات میں بھی فل پارٹی میک اپ کیساتھ نت نئے ملبوسات پہنے شریک ہوتی ہیں۔  لیکن صرف اتنا ہی نہیں، آج کل مریم نواز خود پسندی کا شکار ہیں اور ہر منصوبے میں اپنی تصویر ضرور چھپواتی ہیں، چاہے وہ کوڑے کا کنٹینر ہو یا سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان کا بیگ ہو۔ لہذا انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

 

گزشتہ چند روز سے تحریک انصاف کے سوشل میڈیا بریگیڈ کی جانب سے ایکس پر سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا ایک بیان سلائیڈ کی صورت میں وائرل کیا جا رہا ہے، جو وزیر اعلیٰ مریم نواز سے متعلق ہے۔ سہیل وڑائچ کے بیان کا لب لباب یہ ہے کہ ایک جانب پنجاب کے عوام سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں تو دوسری طرف مریم  نواز اپنی میک اپ والی تصاویر امدادی بیگوں پر لگوا کر انہیں سیلاب متاثرین میں تقسیم کر رہی ہیں۔ سہیل وڑائچ کے بیان کی سلائیڈ کے مطابق یہ سب ذہنی خلل کا نتیجہ ہے جو کہ زیادہ میک اپ کروانے سے پیدا ہوتا ہے۔

 

واضح رہے کہ پنجاب اس وقت بدترین سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہے، جو وسیع علاقوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جو لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں شہری سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔

 

یکم ستمبر کو ایکس پر تحریک انصاف کے ایک حامی کی جانب سے پوسٹ کی گئی سلائیڈ میں سہیل وڑائچ کی تصویر بھی موجود ہے۔ اس سلائیڈ پر درج متن میں لکھا گیا کہ ’مریم نواز بڑھتی عمر میں کم عمر نظر آنے کے لیے جو اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کروا رہی ہیں اس کا برا اثر یہ ہوتا ہے کہ دماغ کے خلیے سکڑ جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مریم بچوں والی حرکات کر رہی ہیں، ورنہ کوئی جاہل ہی سیلاب زدگان کے امدادی سامان پر سستی شہرت کے حصول کے لیے اپنی تصویریں لگائے گا۔‘ اب تک اس پوسٹ کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ یہی پوسٹ دیگر پی ٹی آئی حامیوں نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی،

 

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ‘آئی ویری فائی پاکستان I Verify Pakistan کی ٹیم کی جانب سے کی گئی جانچ پڑتال میں سینیئر صحافی سہیل وڑائج کی یہ پوسٹ جعلی ثابت ہوئی۔

سہیل وڑائی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے مریم نواز کے حوالے سے نہ تو ایسی کوئی بات اپنی کسی تحریر میں لکھی ہے اور نہ ہی کسی انٹرویو میں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سے منسوب بیان سراسر جعلی ہے۔

 

آئی ویری فائی کی ٹیم کے مطابق سہیل وڑائچ کی سوشل میڈیا پوسٹ کی اصل حقیقت جانچنے کے لیے فیکٹ چیک کیا گیا۔ ریورس امیج سرچ سے یہ تصدیق کرنے کی کوشش کی گئی کہ آیا ’ سیاست ڈاٹ پی کے’ نے کوئی ایسی پوسٹ کی ہے، لیکن ان کی ویب سائٹ پر سہیل وڑائچ کا ایسا کوئی بیان نہیں ملا، پلیٹ فارم کے آفیشل ایکس اور فیس بک اکاؤنٹس کا جائزہ لینے پر بھی کچھ نہیں ملا۔ مزید برآں، یہ دیکھنے کے لیے کہ سہیل وڑائچ نے کہیں ایسا بیان دیا ہو، کی ورڈ سرچ کی گئی لیکن کوئی ثبوت نہیں ملا۔

 

آئی ویری فائی پاکستان کے مطابق سہیل وڑائچ کی وائرل پوسٹ کے تفصیلی معائنے پر کئی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، مثال کے طور پر سلائیڈ کے بائیں کونے میں موجود کیو آر کوڈ کو سکین کرنے پر یہ کسی ایسی غیر متعلقہ پوسٹ پر لے جاتا ہے جس کا سہیل وڑائچ کے بیان سے کوئی تعلق نہیں۔ اسکے علاوہ اس پوسٹ کی اصلی اور جعلی ٹیمپلیٹس Templates کے موازنے میں بھی فرق مذید واضح ہوا، ’ سیاست ڈاٹ پی کے’ کے مستند ڈیزائن میں کیو آر کوڈ کے نیچے ’ Source’ کا لفظ باقاعدہ فونٹ میں آتا ہے، جس میں ’ S’ بڑا لکھا ہوتا ہے۔

مگر سہیل وڑائچ کی وائرل پوسٹ میں ’ source’ بولڈ فونٹ میں اور چھوٹے حرف’ s’ کے ساتھ درج تھا۔

 

دیگر تضادات میں غلط تاریخ کا اندراج اور اصل پوسٹس کے مقابلے میں بڑا لوگو شامل ہے۔

لہٰذا فیکٹ چیک کے مطابق سہیل وڑائچ نے مریم نواز کے خلاف ضرورت سے زیادہ میک اپ کرنے اور سیلاب زدگان کے امدادی سامان پر اپنی تصویر لگانے پر تنقیدی ریمارکس نہیں دیے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کی جانب سے وائرل کی جانے والی سلائیڈ غلط اور جعلی ہے اور اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ سہیل وڑائچ نے ایسا کوئی بیان دیا ہو۔

Back to top button