واٹس ایپ کے دھماکے دار فیچر نے دھوم مچا دی

جدید پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ کو استعمال کرنے والے اکثر صارفین دو دو نمبروں میں جھنجھٹ سے نبردآزما رہتے ہیں لیکن اب میٹا نے واٹس ایپ کے ایک ہی نمبر کو مختلف موبائلز پر آن کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔
میٹا کمپنی کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ سےدو سے زائد مختلف فونز پر لاگ اِن ہوسکتے ہیں۔میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کے لیے نئے فیچرزاور اپ ڈیٹ متعارف کرواتا رہتا ہے، تاہم حال ہی میں اہم اپ ڈیٹ متعارف کروائی گئی ہے۔
مارک زکر برگ نے فیس بک پوسٹ پر بتایا کہ ’آج سے آپ ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ سے 4 مختلف موبائل فونز پر استعمال کرسکتے ہیں، اس سہولت سے دنیا بھر کے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔اس سے قبل صارفین ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ سے صرف ایک فون پر لاگ ان ہوسکتے تھے۔
البتہ متعدد کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس وغیرہ پر صرف براوزر کے ذریعے ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوسکتے تھے، تاہم اب پہلی بار ایک صارف اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایک ہی وقت میں 4 مختلف موبائل فونز پر بھی استعمال کر سکے گا۔
تاہم اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ جس موبائل پر سب سے پہلے لاگ ان کیا گیا ہو،اگر وہ موبائل فون مخصوص عرصے تک غیر فعال رہے گا، تو اس صورت میں واٹس ایپ اکاؤنٹ دیگر موبائل فونز سے بھی لاگ آؤٹ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ میٹا نے اس سے قبل واٹس ایپ کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے کچھ فیچرز متعارف کروائے تھے، ان فیچرز میں اکاؤنٹ پروٹیکٹ، ڈیوائس ویری فکیشن اور آٹو میٹک سکیورٹی کوڈز شامل ہیں، کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ان فیچرز سے صارفین کو اپنے میسجز پر زیادہ کنٹرول مل جائے گا اور یہ تینوں فیچرز آنے والے مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
یہ سیکیورٹی فیچر ایسے اکاؤنٹس کو تحفظ فراہم کرے گا جو ایک سے دوسری ڈیوائس پر سوئچ کیے جائیں گے، اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف ایک ڈیوائس سے اپنا اکاؤنٹ دوسری ڈیوائس پر سوئچ کرے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے اس کی تصدیق کی جائے گی۔
یعنی اضافی سیکیورٹی کے تحت پرانی ڈیوائس پر پوچھا جائے گا کہ کیا واقعی آپ اکاؤنٹ کو دوسری ڈیوائس پر سوئچ کرنا چاہتے ہیں۔اس فیچر سے صارفین کو علم ہوسکے گا کہ ان کے اکاؤنٹ کو کوئی ان کی اجازت کے بغیر دوسرے اکاؤنٹ پر منتقل کرنے کی کوشش تو نہیں کر رہا۔
