وائٹ ہاؤس فائرنگ واقعہ: شہباز شریف کا اظہارِ افسوس

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اور خاتونِ اول کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے واشنگٹن ڈی سی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک پیش رفت انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ یاد رہے کہ فائرنگ کا واقعہ وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر کے دوران پیش آیا۔
شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس واقعے سے شدید صدمے میں ہیں، تاہم یہ جان کر اطمینان ہوا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکاء محفوظ ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور وہ ان کی مسلسل سلامتی اور خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، تاہم سیکیورٹی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تقریب میں شریک افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

