پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کون ہیں؟

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے والے سید محسن نقوی سینئر صحافی اور ایک میڈیا گروپ کے مالک ہیں اور ماضی میں طویل عرصہ تک معروف امریکی ادارے سی این این سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ پھرتیلی شخصیت کے مالک محسن نقوی کا بطور صحافی نہ صرف آصف علی زرداری اور نواز شریف بلکہ مولانا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی ذاتی تعلق ہے۔ گجرات کا چوہدری خاندان انکا سسرال ہے لیکن وہ پرویز الٰہی کی بجائے چوہدری شجاعت حسین کے زیادہ قریب تصور کیے جاتے ہیں۔ ان کی اہلیہ وردہ نقوی ڈاکٹر ہیں اور چودھری پرویز الٰہی کی بھانجی ہیں۔

محسن نقوی لاہور میں پیدا ہوئے، لیکن بہت چھوٹی عمر میں ان کے والدین ایک حادثے میں دنیا سے رخصت ہوگئے تھے جس کے بعد ان کی پرورش ان کی نانی اور ماموں نے کی، محسن نقوی نے ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل سکول لاہور سے حاصل کی، اسکے بعد وہ گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ چلے گئے۔ امریکہ کی ریاست میامی میں قیام کے دوران محسن نقوی امریکہ کے بڑے میڈیا ادارے سی این این سے وابستہ ہوگئے، اعلیٰ تعلیم مکمل کر کے پاکستان واپسی پر بھی محسن نقوی نے سی این این کی نمائندگی جاری رکھی، اور پہلے بطور پروڈیوسر اور پھر بطور ریجنل ہیڈ ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ محسن رضا نقوی نے سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے دور میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جاندار رپورٹنگ سے عالمی میڈیا میں خوب نام کمایا۔

بعد ازاں انہوں نے سی این این سے علیحدگی اختیار کر کے صرف 30 سال کی عمر میں لاہور سے ایک نیوز چینل سٹی 42 کی بنیاد رکھی، اس کے بعد انہوں نے چینل 24 بھی لانچ کر دیا۔ عمران خان کے دور حکومت میں چینل 24 کو اس کی آزادانہ تنقیدی ادارتی پالیسی کی وجہ سے کئی مرتبہ بند کیا گیا۔ محسن نقوی کی قیادت میں قائم میڈیا ہائوس اب 6 نیوز چینلز اور ایک اخبار چلا رہا ہے۔ لیکن پردے کے پیچھے رہ کر کام کرنے والے محسن نقوی سیاسی حلقوں میں بھی خوب مقبول ہیں۔ ملک کی تمام سرکردہ سیاسی شخصیات سے محسن رضا نقوی کے مضبوط تعلقات ہیں جس کی بنیادی وجہ ان کی صحافتی ذمہ داریاں ہیں، اس لیے یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ وہ پی ڈی ایم کی تین بڑی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار تھے۔

سید محسن نقوی نے سال 2009 میں چینل 42 کی بنیاد رکھنے کے بعد اپنے میڈیا کے سفر کو پوری تندہی سے جاری رکھا۔ انھوں نے فیصل آباد کے لیے چینل سٹی 41 کا آغاز کیا، اس کے بعد سرائیکی کمیونٹی کو باخبر رکھنے کے لیے انھوں نے روحی ٹی وی کا آغاز کیا جس کی نشریات آج بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ اب وہ کراچی سے چینل 21 بھی لانچ کرچکے ہیں۔

علاقائی چینلز کے قیام کے بعد محسن نقوی نے اندرون ملک اور بیرون ملک خبروں کی کوریج کے لیے چینل 24 کی بنیاد رکھی، اسکے علاوہ برطانیہ میں ان کا اردو نیوز چینل 44 بھی کام کر رہا ہے۔ ان کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی ایک ان تھک صحافی ہیں جو اپنی محنت اور جدوجہد کی بنیاد پر اب ایک بڑے میڈیا ہاؤس کے مالک بن چکے ہیں۔ لیکن انہوں نے ہمیشہ خود نمائی کی بجائے اپنے کام سے اپنی شناخت بنائی ہے اور یہی ان کی شخصیت کا خاصاماناجاتاہے۔

نوجوان 1 لاکھ روپے تنخواہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟

Back to top button