کرائے کی کوکھ سے بچی پیدا کروانے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کرائے کی کوکھ کے ذریعے اپنی بچی پیدا کرنے پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کرائے کی کوکھ سے بچہ پیدا کرنا میری مجبوری تھی چونکہ مجھے میڈیکل مسائل تھے جو میں لوگوں کے ساتھ شئیر نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے اپنے حوالے سے بے بنیاد باتیں پھیلانے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں چپ ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں کے کوئی میرے بارے کچھ بھی کہتا رہے۔ پریانکا نے بتایا کہ مجھے صحت کے مسائل اور حاملہ ہونے میں پیچیدگیوں کا سامنا تھا، اس لئے سروگیسی کے عمل کے ذریعے بچے کی پیدائش کا انتخاب کرنا ضروری تھا۔ پریانکا نے بتایا کہ حالانکہ انہوں نے اپنا بچہ ایک کرائے کی کوکھ سے پیدا کروایا لیکن وہاں بھی پیچیدگیاں پیدا ہو گئیں اور چھٹے مہینے ہی بچی کو جنم دینا پڑ گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میری بیٹی پیدا ہوئی تو میں آپریشن روم میں تھی۔ ہماری بچی میرے ہاتھ سے بھی چھوٹی تھی۔ قبل از وقت پیدائش کی وجہ سے بیٹی کو 3 مہینے تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا، 40 سالہ اداکارہ نے کہا کہ آپ نہیں جانتے کہ میں کتنی تکلیف سے گزری ہوں اس سارے عمل کے دوران۔ پریانکا چوپڑا نے فیشن میگزین ووگ کو دیئے گئے انٹرویو میں اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ لوگوں نے ان کی پیچیدگیاں سمجھے بغیر ان پر الزامات کی بارش کر دی اور یہ اعتراض اٹھا دیا کہ انہوں نے اپنا بچہ خود پیدا کیوں نہیں کیا۔ یاد رہے کہ ’ووگ‘ میگزین کے جنوری کے شمارے میں پریانکا چوپڑا اور ان کی کمسن بیٹی ماتلی کی تصویر سر ورق کی زینت بھی بنی ہے۔ اداکارہ نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش پر شکرانے ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب ا ن کی زندگی کو مقصد مل گیا ہے۔
اداکارہ نے لوگوں کے کمنٹس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ان کی نوزائیدہ بیٹی کے بارے میں بھی نامناسب الفاظ کہے۔ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ زیادہ لوگوں کو علم نہیں کہ انہیں طبی پیچیدگیاں لاحق ہیں، وہ بچے کو جنم نہیں دے سکتی تھیں، جس وجہ سے ہی انہوں نے کسی کی کوکھ سے اپنی بچی پیدا کروانے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی۔ اب دونوں کی بیٹی ’’مالتی میری‘‘ کی پیدائش 15 جون 2022 کو ہوئی تھی، اداکارہ سروگیسی کے ذریعے ماں بنی تھیں جس پر ناقدین کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی کہ انہوں نے اپنے جسمانی خدوخال کو بچانے کے لئے خود بچہ پیدا نہیں کیا۔
اعظم خان نے نگران وزیراعلیٰ کے پی کے کا حلف اٹھا لیا
