ٹرمپ کی سرکاری تصویر میں غصے سے بھرے باکسر کے تاثرات کیوں؟

 انگریزی میں ایک کہاوت ہے کہ چہرہ آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ اسی حوالے سے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل جاری ہونے والی آفیشل تصویر امریکہ بھر میں زیر بحث ہے جسے وائٹ ہاؤس سمیت تمام سرکاری عمارتوں میں آویزاں کیا جائے گا۔ امریکہ میں سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک سخت پیغام دیتی تلخ تائثرات والی تصویر ہے جس میں مسکراہٹ کہیں دور دور تک نظر نہیں آتی، اس تصویر میں صدر ٹرمپ ترچھی انکھوں کے ساتھ غصے سے دیکھتے نظر آتے ہیں جیسے کسی باکسر کی مقابلے سے پہلے کی تصویر ہو۔

یاد ریے کہ اس کے برعکس سال 2017 میں صدر منتخب ہونے کے بعد ٹرمپ کی جو تصویر سرکاری طور پر جاری کی گئی تھی اس میں ان کے چہرے پر مسکراہٹ ہے اور وہ ایک پر اعتماد بزنس مین کی لک دے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی تازہ سرکاری تصویر کو کوئی تو سنجیدہ قرار دے رہا ہے تو کوئی اسے ’بدشگونی‘ کا غماز قرار دے رہا ہے۔ لیکن بہر صورت انکی کرخت چہرے والی تصویر ایک واضح پیغام دے رہی ہے کہ اس مرتبہ ٹرمپ مسکراتے چہرے کے ساتھ کسی کو برداشت کرنے نہیں آ رہے بلکہ ایک بے رحم حاکم کی طرح سخت پالیسیاں اپنانے جا رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ سرکاری تصویر ان کے چیف فوٹوگرافر ڈینیئل نے اتاری ہے۔ صدر ٹرمپ کی سرکاری تصویر کسی بھی امریکی صدر کی اب تک کی سب سے زیادہ شائع ہونے والی اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصویر ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی اس تصویر میں فوٹو شوٹ کے بعد سٹوڈیو لائٹنگ اور ری ٹچنگ سے ’زبردست ہیرا پھیری‘ کی گئی ہے تاکہ چہرے میں تلخ تاثرات کو ابھارا جا سکے۔ تصویر میں ’مانسٹر‘ لائٹنگ کا استعمال بھی کیا گیا ہے تاکہ ٹرمپ کے چہرے کو ڈرامائی طور پر روشن کیا جا سکے اور ان کی آنکھیں غصے سے باہر آتی نظر آئیں۔

لندن انسٹی ٹیوٹ آف فوٹوگرافی کی پورٹریٹ فوٹوگرافر ایلیسکا سکائی کا کہنا ہے کہ لائٹنگ سیٹ نے ٹرمپ کی نئی سرکاری تصویر کو ایک ‘منحوس’ یا ‘بدشگون’ شیڈ دے دیا ہے جو کہ اکثر ہارر فلموں میں دیکھا جاتا ہے۔ انھوں نے ٹرمپ کی تصویر کے بارے میں کہا کہ یہ کسی باکسر کی مقابلے سے پہلے کی تصویر لگتی ہے۔ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اس تصویر کا موازنہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ‘مگ شاٹ’ سے کیا ہے جو جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی جیل میں لی گئی تھی جب ان پر 2020 کے انتخابات میں شکست کو الٹنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا۔

ٹرمپ کی ‘مگ شاٹ’ قرار دی جانے والی یہ تصویر 2023 میں لی گئی تھی جو کہ امریکی کلچر کا حصہ بن گئی اور یہ کافی کے کپ سے لے کر ٹی شرٹس تک ہر چیز پر نظر آئی۔ ٹرمپ کی نئی تصویر کا انداز ان کی 2017 کی تصویر صرف بالکل الٹ ہے جس میں وہ مطمئن اور مسکراتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ اس تصویر سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ صدر ٹرمپ اقتدار میں آتے ہی سخت ترین پالسیاں نافذ کرنے جا رہے ہیں جن سے نہ صرف امریکی میں آباد غیر قانونی تارکین وطن بلکہ کچھ عالمی طاقتوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا یے۔

Back to top button