ہاریں یا جیتیں،ہم ساتھ ہیں،محسن نقوی کاقومی ٹیم کوپیغام

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قومی ٹیم کےنام پیغام میں کہنا تھا کہ ہاریں یاجیتیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بھارت اور پاکستان کے میچ سے قبل دبئی اسٹیڈیم آمد ہوئی۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان ٹیم کا پریکٹس سیشن دیکھا اور کھلاڑیوں سے خوش گپیاں کیں ، کوچز سے بھی صلاح مشورے ہوئے۔
محسن نقوی کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میچ میں پاکستان کے جیتنے کی ہی امید ہے، کل اچھا مقابلہ ہوگا، پاکستان ٹیم پوری طرح تیار ہے، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں، انشا اللہ پاکستان جیتے گا۔قومی ٹیم جیتے، یہ پاکستان کے لیے بڑا انعام ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت سےپوچھیں کہ وہ اگرلاہور میں کھیل رہے ہوتےتو ان کےکیا احساسات ہوتے، ٹیم کو پیغام ہے کہ ہاریں یا جیتیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی کا لاہورکےمیچ میں غلط ترانہ چلانے کے سوال پرکہنا تھا کہ اس معاملے کی آئی سی سی تحقیقات کر رہی ہے، آئی سی سی اس ٹورنامنٹ کا آرگنائزر ہے، پاکستان نے تو خیر سگالی کے طور پر 22 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کا ترانہ چل گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے وضاحت طلب کرلی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارتی ترانہ کیسے چلا؟
ذرائع نے بتایاکہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، بھارت کے پاکستان میں نہ ہونے کے باوجود بھی آئی سی سی نے پلے لسٹ میں بھارت کا ترانہ رکھا، میچ میں ترانہ چلانا آئی سی سی کی ذمہ داری تھی۔