ارمینا خان کی ٹرولنگ پرنون لیگ سے معافی کا مطالبہ کیوں؟

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی تضحیک آمیز ویڈیو کو آزادی اظہار رائے کے نام پر درست قرار دینے والی اداکارہ ارمینا خان ٹرولنگ کی زد میں آ گئیں، لیکن اس دوران ان کی نوزائیدہ بیٹی کی تصویر کو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا جس پر ارمینا خان کے شوہر نے پی ایم ایل این سے معافی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستانی اداکارہ ارمینا رانا خان کے شوہر فیصل رضا خان نے ٹوئٹر پر (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی تصویر پوسٹ کرنے پر پارٹی سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔
ارمینا کے شوہر کے علاوہ اداکار عثمان خالد بٹ اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھی (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اداکارہ کی تصویر ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اداکارہ کے شوہر فیصل رضا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ن لیگ کی قیادت، آپ اس اکاؤنٹ کے ذمہ دار ہیں، آپ نے میری اہلیہ کو ٹرول کرنے کے لیے میری نوزائیدہ بیٹی کی تصویر پوسٹ کر دی، آپ لوگوں نے شرافت کی تمام حدود پار کر دی ہیں۔
انہوں نے لکھا میری بیٹی اور مجھے پاکستان کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن ایک باپ کی حیثیت سے میں اپنے بچے کی حفاظت کروں گا، اپنے اس عمل پر فوری طور پر معافی مانگیں۔
کچھ دیگر افراد نے بھی تصویر فوری ڈیلیٹ کرنے کا کہا۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک حامی کارکن شایان علی نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں خاتون نے سیلفی بنانے کا کہتے ہوئے مریم نواز سے نامناسب گفتگو کی۔اس ویڈیو پر ارمینا خان نے ردعمل دیا اور کہا اگر یہ پاکستان میں ہوتا تو سیلفی لینے والی خاتون ’غائب‘ ہو جاتیں، یا پھر ان کو کسی اور طریقے سے سبق سکھایا جاتا، مجھے خوشی ہے کہ ہمارے برطانیہ میں ایسی آزادی ہے جہاں ہم اپنے سیاستدانوں کا محاسبہ کرتے ہیں، اگر آپ برطانوی سرزمین پر رہنے جا رہے ہیں تو یہاں ہمارے اصول ہیں، ہمارے پاس بولنے کی آزادی ہے۔
اداکارہ ارمینا کی اس ٹوئٹ پر کئی صارفین نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ یہ آزادی اظہار نہیں بلکہ کسی کی تذلیل کرنا اور گھٹیا حرکت ہے۔
