پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، 6 جوان شہید

پاک فوج کے گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے ، اس افسوس ناک حادثہ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ رات ہونیوالے افسوس ناک حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آرکی ٹوئٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا، ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہدا میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں،12 کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔

صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے ڈی آئی جی پرویز عمرانی نے دعویٰ کیا تھا کہ فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسٰی گوٹھ کے پہاڑی سلسلے سے ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور لیویز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، فی الوقت ہیلی کاپٹرمیں سوار اعلی فوجی افسران کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔

کیا سپریم کورٹ کا فیصلہ حمزہ کے الیکشن پر لاگو ہوتا ہے؟

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ کے لیے اظہارہمدردی بھی کیا۔

عارف علوی نے ملک و قوم کے لیے شہدا کی خدمات کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کے لیے انتہائی جانفشانی ، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت پاک فوج کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لیے وار دیں،لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے۔

شہبا زشریف نے کہا پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ، ہم شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پیر کی رات ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے جس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔

Back to top button