ژوب:پاک افغان بارڈر پردراندازی کی کوشش ناکام،5 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نےپاک افغان بارڈر پردراندازی کی کوشش ناکام بنادی،مقابلے کے بعد 5 مسلح خوارج کوجہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سےبتایا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد کےذریعے دراندازی کی کوشش کرنےوالےخوارج کےایک گروہ کی نقل و حرکت کوسیکورٹی فورسز نےضلع ژوب کےعلاقےسمبازہ میں ٹریس کیا،فورسز کےاہلکاروں نےدراندازی کی کوشش کو مؤثر طریقے سےناکام بنادیا، اس دوران5خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سےبتایا گیا کہ دراندازی کی کوشش کرنےوالےخوارج اور فورسز کے جوانوں کےدرمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج کےمطابق سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دراندازی روکنے کیلئےتیار ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اوردیگر سیکیورٹی فورسز مادروطن کےدفاع کے لیے پر عزم ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سےکہتا آ رہا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر مؤثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے۔
عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئےافغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانےاورملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئےپرعزم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں فورسز کی جانب سے دراندازی کو ناکام بنانے اور 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر پاک فوج اور فورسز کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم کی جانب سے جاری الگ الگ بیانات میں کہا گیا ہے کہ خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر فورسز کے اہلکاروں کی بہادری لائق ستائش ہے، مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےبلوچستان کے ضلع ژوب میں سرحد پار سے خوارج کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فورسز اپنے ملک کےدفاع کو کیلئےہر دم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فورسز کے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک ملاتے ہوئے مادر وطن کی حفاظت کی، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔