اقرا نے بیوی پر تشدد کرنے والے فیروز خان کا پراجیکٹ چھوڑ دیا

معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اداکار فیروز خان پر انکی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد خود کو فیروز کے منصوبے سے الگ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر دو دن قبل وائرل ہوئی تھیں، جنہیں انہوں نے عدالت میں جمع کروایا تھا۔
علیزے نے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں فیروز خان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے شواہد پیش کیے تھے، جس کے بعد ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی تھیں۔ علیزے کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے فیروز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ شوبز شخصیات سمیت عام لوگوں کی جانب سے بھی الزامات کی بھرمار کے بعد فیروز خان نے بھی وضاحت دیتے ہوئے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ الزام تراشی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔اقرا عزیز سے قبل انکے شوہر یاسر حسین نے بھی علیزے سلطان کی حمایت کی تھی اور اب اداکارہ نے خود کو فیروز خان کے ساتھ منصوبے سے الگ ہونے کا اعلان کردیا۔
اقرا عزیز نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ان کے لیے یہ فیصلہ بہت ہی مشکل تھا مگر یہ بھی ضروری تھا کہ وہ مظلوم کی حمایت میں یہی فیصلہ کرتیں، اس لیے وہ فیروز خان کے ساتھ منصوبے سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کر رہی ہیں۔ اقرا عزیز نے لکھا کہ ناانصافیوں اور ظلم پر خاموش رہنا بھی ایک طرح سے ظالم کا ساتھ دینے کے برابر ہوتا ہے۔ اداکارہ نے لکھا کہ گھریلو تشدد کے حالیہ واقعے کے بعد انہوں نے مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود کو فیروز خان کے ساتھ منصوبے سے الگ کریں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے علیزے سلطان کے ساتھ اظہار ہمدردی کے تحت ہی مذکورہ فیصلہ کیا ہے اور وہ انہیں انصاف فراہم کروانے کے لیے ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے علیزے سلطان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مضبوط رہنے کی بھی تائید کی۔
اگرچہ اقرا عزیز نے خود کو فیروز خان کے ساتھ منصوبے سے الگ کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے اس ضمن میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ انہوں نے خود کو اداکار کے ساتھ کون سے منصوبے سے الگ کیا ہے؟ اقرا عزیز ماضی میں فیروز خان کے ساتھ ’خدا اور محبت‘ جیسے مقبول ڈرامے سمیت مختلف منصوبوں میں کام کر چکی ہیں اور حال ہی میں وہ ان کے ساتھ ’سانول یار پیا‘ میں بھی نظر آئی تھیں۔ ممکنہ طور پر اقرا عزیز نے خود کو فیروز خان کے ساتھ کسی مستقبل کے منصوبے سے الگ کیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
