انٹر بینک میں ڈالر220.9روپے کی سطح پر پہنچ گیا

انٹربینک میں ڈالرکی ٹریڈ 8 پیسے کے اضافے سے 220.9روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
جمعرات کے روز کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں بیرونی ادائیگیوں کی ڈیمانڈ بڑھنے سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 61 پیسے کے اضافے سے 221 روپے 48 پیسے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2روپے 50پیسے کی کمی سے 225 روپے 40پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
کرنسی کے تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں عدم مداخلت، فری مارکیٹ میکنزم پالیسی اور ستمبر میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 68 فیصد کی کمی جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو اگرچہ ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 227 اور 226 روپے سے نیچے آگئی جو ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کی رضاکارانہ بنیاد پر ڈالر کی قدر کو کیپ کیے جانے سے ممکن ہوا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے عالمی سکوک اور یورو بانڈز کی ایڈ میں نمایاں اضافے اور بیرونی دنیا سے پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے نقد امداد موصول نہ ہونے کے ساتھ زرمبادلہ بحران یومیہ بنیادوں پر بڑھنے سے انٹربینک مارکیٹ میں اضطراب کی کیفیت رہی۔
