ماہرہ خان کس سے دوسری شادی رچانے جا رہی ہیں؟

35 سالہ معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے محبت کا اعتراف کر لیا ہے اور خبریں گرم ہیں کہ دونوں نے چند روز قبل ترکی میں قریبی عزیزو اقارب کی موجودگی میں باقاعدہ منگنی بھی کرلی ہے جس کے بعد وہ جلد ہی شادی کا اعلان بھی کر دیں گے۔
رواں برس مئی میں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ خوبصورت پاکستانی اداکارہ نے ترکی میں رہائش پذیر اپنے ایک دیرینہ دوست سے منگنی کرلی ہے۔ تاہم اب ماہرہ نے خود یہ تسلیم کر لیا ہے کہ سلیم کریم ان کی زندگی میں شامل ہوچکے ہیں تاہم منگنی کے حوالے سے ماہرہ خان نے تفصیلات نہیں بتائیں۔
واضح رہے ماہرہ خان نے 2007 میں علی عکسری سے محبت کی شادی کی جو کئی سال کامیابی سے چلی لیکن بعد ازاں ماہرہ کی شوبز مصروفیات اور پے در پے فنی کامیابیوں کے بعد میاں بیوی کے تعلقات میں سرد مہری آگئی اور آخر کار 2015 میں ماہرہ خان نے اپنے پہلے شوہرسے طلاق لے لی تھی۔ اس شادی سے ماہرہ کا ایک بیٹا بھی ہے۔ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد ماہرہ خان کا کسی کے ساتھ نہ تو کوئی سکینڈل منظر عام پر آیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا بلکہ ہر مرتبہ شادی کے سوال پر ماہرہ یہی کہتی تھیں کہ ان کی تمام تر توجہ اپنے بیٹے کی تعلیم و تربیت پر مرکوز ہے اور ان کا بیٹا اذلان ہی ان کی کل کائنات ہے۔
کچھ مہینے قبل ایک ٹویٹ میں ماہرہ خان کا یہ کہنا تھا کہ شادی سے متعلق سوال پر میرے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ لیکن چند ہفتے قبل اچانک ایک بھارتی اخبار میں اپنے بارے رپورٹ شائع ہونے کے بعد ماہرہ خان کی منگنی کی خبریں انٹرنیٹ اور میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جن کے بعد ماہرہ خان کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی منگنی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ تاہم اب یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے کہ ماہرہ خان سلیم کریم نامی شخص کی محبت میں گرفتار ہو گئی ہیں۔
ماہرہ خان نے چند ماہ قبل اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ کسی سے محبت کرتی ہیں اور شادی کریں گی لیکن انہوں نے اس کا نام اور دیگر تفصیل فراہم نہیں کی تھی۔ لیکن اب ایچ ایس وائے نے ماہرہ خان سے لائیو سیشن کے دوران اس شخص کے نام سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ شخص سیلم کریم ہے۔
سلیم کریم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کراچی بیسڈ ایک نیٹ ورک کمپنی سم پیسہ کے سی ای او ہیں۔ سلیم کی کمپنی اپنے صارفین کو موبائل فون سم کے ذریعے مختلف مدوں میں رقوم کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سم پیسہ کمپنی مستقبل قریب میں زی اور ایروس جیسے بڑے اداروں کے ساتھ شراکت کرنے جا رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ سلیم کریم اپنے کاروبار کو بھارت تک وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ ایک اخباری اطلاع کے مطابق پاکستان اور بھارت کی حکومت کے مابین کشمیر اور دیگر معاملات پر کشیدگی بڑھنے کے باعث ماہرہ کے ہونے والے شوہر سلیم کریم اپنی کمپنی کو بھارت تک وسعت دینے کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہیں۔ 2017 کے اوائل میں ماہرہ خان نے سلیم کریم کی پروڈکشن ٹیپ میڈ ٹی وی کی لانچنگ تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ علاوہ ازیں دونوں کو کئی مرتبہ ترکی میں مختلف تقریبات میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔
دوران انٹرویو ماہرہ سے جب سوال کیا گیا کہ وہ جب سلیم کو دیکھتی ہیں تو کیسا محسوس کرتی ہیں تو جواب میں انہوں نے ڈرامہ سیریل ’’ہمسفر‘‘ کا ایک ڈائیلاگ بولا’’ پتا نہیں تم مجھے کس نیکی کے بدلے میں ملی ہو‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان سے مل کر ایسا ہی محسوس کرتی ہیں۔حالیہ انٹرویو میں ماہرہ خان نے سلیم کریم کے لیے اہنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہوں نے زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا نیک کام ضرورکیا ہے جس کے بدلے اللہ نے مجھے سلیم کریم کی محبت میں مبتلا کیا ہے۔
ماہرہ خان نے اپنے بیٹے اذلان کے حوالے سے کہا کہ میں اپنے بیٹے کے لیے بھی ایسا ہی محسوس کرتی ہوں وہ میرے لئے دنیا کا مرکز ہے اور میری زندگی اس کے ارد گرد گھومتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں وہ سب میرے لئے بہت اہم ہے اور میں ان کو خوش کرنے کی ہمیشہ کوشش کرتی ہوں۔ سلیم کریم کے حوالے سے پیار کے جذبات کے اظہار کے بعد شوبز حلقوں میں یہ بحث شروع ہوگئی تھی کہ آیا سلیم اب ماہرہ کی زندگی میں داخل ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ گزشتہ دنوں ماہرہ خان اور سلیم کریم نے چپکے سے ترکی میں منگنی بھی کرلی ہے اور اس تقریب میں دونوں کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے ہی شرکت کی۔ ناگزیر وجوہات کی بنا پر دونوں کی جانب سے عوامی سطح پر اس تعلق کا اعتراف نہیں کیا جا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرہ خان نے بھی سلیم کریم کے حوالے سے محبت بھرے جذبات کا اظہار تو کیا ہے تاہم کھل کر یہ نہیں بتایا کہ سلیم کریم ان کے ہونے والے شوہر ہیں۔
ماہرہ پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کو نہ صرف ہم سفر اور شہر ذات جیسے سپر ہٹ ڈرامے دیے ہیں بلکہ ان کے کریڈٹ پر کئی ہٹ فلمیں بھی ہیں۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارتی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔ ماہرہ نے اپنے بالی ووڈ ڈیبیو میں سپر سٹار شاہ رخ خان کے مد مقابل فلم رئیس میں ہیروئن کا کردار نبھایا تھا اور اب ماہرہ فہد مصطفی کے ساتھ لولی ووڈ فلم فلم’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں دکھائی دیں گی۔
