’’معروف اداکارہ صبا قمر پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا‘‘

شوٹنگز کے دوران ڈیزل دھوئیں کے استعمال سے معروف ادکارہ صبا قمر پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوگئیں، اداکارہ نے اپنی ڈرپ لگی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
معروف اداکارہ صبا قمر نے بتایا ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران صحت کے لیے نقصان دہ سمجھے جانے والے ڈیزل سے دھواں بنانے کی وجہ سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوگئیں۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں ہاتھ کی تصویر شیئر کی، جس میں ان کے ہاتھ میں ڈرپ لگی نظر آ رہی ہے، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران مناظر کو شوٹ کرنے کیلئے پیدا کیے جانے والے دھویں کی وجہ سے بیمار پڑ گئیں۔
صبا قمر کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران ٹیم دھواں پیدا کرنے کے لیے ڈیزل کا استعمال کرتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، ڈیزل سے پیدا کیے جانے والے دھویں کے نقصان سے متعلق ان سے بہتر اور کوئی نہیں جانتا اور انہوں نے متعدد بار ٹیم کو کہا ہے کہ دھواں پیدا کرنے کے لیے ڈیزل کا استعمال نہ کیا جائے۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے اس سے قبل اپنی صحت سے متعلق اتنا برا کبھی نہیں سوچا اور نہ ایسا وقت پہلے کبھی دیکھا، اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ کچھ دن سے پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا علاج ہسپتال میں جاری ہے یا پھر وہ گھر پر ہی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہونے کی خبر شیئر کیے جانے کے بعد ان کے ساتھی اداکار اور مداح پریشان دکھائی دیئے اور انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔
اداکار کی سٹوری کو فلم ساز اور ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے شیئر کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور انہوں نے بھی سوال اٹھایا کہ آخر شوٹنگ کے دوران دھواں کیوں پیدا کیا جاتا ہے؟
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کچھ تخلیقی مناظر کو شوٹ کرنے کے لیے دھویں کا ہونا اتنا ہی ضروری ہے تو اس کا متبادل تلاش کیا جائے اور کسی کی صحت کو داؤ پر نہ لگایا جائے۔
یہ واضح نہیں کہ صبا قمر کو کون سے ڈرامے یا فلم کی شوٹنگ کے دوران دھویں کی وجہ سے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا، عام طور پر رومانوی، خوفناک، افسردہ اور صوفیت کے پس منظر میں بنائے جانے والے ڈراموں، گانوں اور فلموں کے مناظر میں دھویں کو دکھایا جاتا ہے۔
