ملالہ یوسفزئی نے کس شخص کے مذاق کا بُرا منا لیا؟

بھارتی نژاد امریکی کامیڈین حسن منہاج کو ملالہ یوسف زئی کا مذاق اڑانا مہنگا پڑ گیا جسکے بعد انہوں نے حسن کو ان فالو کر دیا، نوبیل انعام یافتہ ملالہ کے ساتھ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی حسن منہاج کو ان فالو کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ حسن منہاج بھارتی والدین کے ہاں امریکا میں پیدا ہوئے۔ انہیں نیٹ فلیکس سمیت دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر شوز کرنے کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی، ان پر ماضی میں اپنے شوز کی شوٹنگ کے دوران خواتین کے ساتھ ناروا سلوک پر آواز نہ اٹھانے کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔ اداکار کا شمار ابھرتے ہوئے کامیڈین میں ہوتا ہے اور انہیں بھارت سمیت پاکستان میں کافی پسند بھی کیا جاتا ہے، حال ہی میں انہوں نے اپنی ایک مزاحیہ ویڈیو میں ملالہ یوسف زئی سے متعلق مذاق کیا تھا، جس کے بعد نوبیل انعام یافتہ کارکن نے انہیں انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا۔
حسن منہاج نے حال ہی میں انسٹا گرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ انھوں نے کہا تھا کہ ملالہ انہیں انسٹا گرام پر فالو کرتی ہیں مگر وہ انہیں فالو نہیں کرتے، کامیڈین کے مطابق جب ملالہ یوسف زئی نے بات سنی تو انہوں نے انہیں ان فالو کر دیا۔ کامیڈین نے مذاق میں ملالہ کو اپیل کی کہ وہ مہربانی کر کے انہیں دوبارہ فالو کریں، حسن منہاج نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ لیکن اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ ملالہ یوسف زئی کے فالو کیے جانے کے بعد انہیں فالو بیک کریں گے یا نہیں؟
ملالہ یوسف زئی نے حسن منہاج کو ان فالو کرنے سے متعلق اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا اور لکھا کہ انہیں متعدد افراد نے کامیڈین کے اس فضول مذاق والی ویڈیو بھیجی، جس کے بعد انہوں نے انہیں ان فالو کر دیا، ملالہ کی جانب سے حسن منہاج کو ان فالو کیے جانے کی خوشی میں پریانکا چوپڑا نے بھی کامیڈین کو ان فالو کیا اور نوبیل انعام یافتہ کارکن کے قدم کی تعریفیں کیں۔ خیال رہے کہ انسٹاگرام پر حسن منہاج کے 16 لاکھ فالورز ہیں اور انہوں نے 1475 افراد اور اداروں کو فالو کر رکھا ہے، اسی طرح نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے انسٹاگرام پر 23 لاکھ فالوورز ہیں اور انہوں نے محض 385 افراد اور اداروں کو فالو کر رکھا ہے، یوں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے انسٹاگرام پر 8 کروڑ سے زائد فالورز ہیں اور انہوں نے 708 افراد اور اداروں کو فالو کر رکھا ہے۔
