میشا شفیع ہالی ووڈ میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

معروف پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع بہت جلد ہالی ووڈ میں کام کرتی ہوئی دکھائی دیں گی، پاکستان چھوڑ کر کینیڈا میں رہائش اختیار کرنے والی اداکارہ ہالی ووڈ فلم میں پاکستانی و بھارتی اداکاروں کے ساتھ صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔ میشا شفیع ماضی میں چند پاکستانی فلموں سمیت بالی ووڈ منصوبوں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جبکہ وہ چھوٹی اسکرین پر بھی گلوکاری کے علاوہ اداکار کے جلوے بھی بکھیر چکی ہیں۔ وہ گزشتہ چند سال سے پاکستان چھوڑ کر کینیڈا میں مقیم ہیں۔ اب ان کے حوالے سے تازہ خبر آئی ہے کہ وہ ایک پاکستانی خاندان پر بنائی جانے والی امریکی فلم ’مستاش‘ یعنی ’مونچھیں‘ میں دکھائی دیں گی۔
میشا شفیع پاکستانی لڑکے اور اس کے خاندان پر بنائی جانے والی فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ ’مستاش‘ کی ہدایات پاکستانی نژاد ہدایت کار عمران جے خان دیں گے جنہوں نے اس فلم کی کہانی بھی لکھی ہے۔ فلم میں رضوان مانجی اور ان کی بیٹی ایان مانجی سمیت اتھروا ورما، الیشیا سلوراسٹون، بھارتی نژاد امریکی اداکار حسن منہاج اور گلوکارہ میشا شفیع مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ میشا شفیع مرکزی کردار میں ایک 13 سالہ پاکستانی لڑکے کی والدہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ رضوان مانجی لڑکے کے والد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
اتھروا ورما مرکزی کردار یعنی 13 سالہ پاکستانی لڑکے الیاس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جبکہ ایان مانجی انکی کلاس فیلو لڑکی کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ فوری طور حسن منہاج اور الیشیا سلورسٹون کے کرداروں بارے معلومات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ ان کے کردار سب سے اہم ہیں۔ فلم کی کہانی 13 سالہ پاکستانی لڑکے اور ان کے پاکستانی والدین کے گرد گھومتی ہے۔ اس میں 1990 کے زمانے کی امریکی زندگی دکھائی جائے گی اور تب کے مسلمانوں کے حالات دکھائے جائیں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے آئندہ سال کے آخر تک کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا، لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
