کورونا وائرس، پی آئی اے نے بیجنگ کیلئے پروازیں معطل کر دیں

قومی ایئرلائن پی آئی اے نے چین میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے سبب 15 مارچ تک بیجنگ کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ایئرلائنز ہفتے میں 2 مرتبہ اسلام آباد سے بیجنگ اور ٹوکیو کی پروازیں کرتی ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ ایئرلائن نے کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے آپریشن دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 30 جنوری سے 3 دن کے لیے پاکستان نے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔ اس وقت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نےبیجنگ کے لیے پروازیں معطل کی تھی، جس سے متعلق سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن عبدالستار کھوکھر نے ڈان کو بتایا تھا کہ پی آئی اے پاکستان اور چین کے درمیان 2 پروازوں کو آپریٹ کررہا تھا لیکن اس فلائٹ آپریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ 3 ماہ کے وقفے کے بعد مئی 2019 میں پی آئی اے نے ٹوکیو اور بیجنگ کے لیے ہفتے میں 2 پروازوں کا آغاز کیا تھا۔
چین سے پھیلنے والے اس مہلک کورونا وائرس کا جائزہ لیں دنیا کے سب سے بڑے ملک میں اموات کی تعداد 2500 کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی درجن کے قریب لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وائرس سے 75 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہ مہلک وائرس چین کے بعد بڑے پیمانے پر ایران اور جنوبی کوریا میں پھیل رہا ہے۔
چین کے صوبے ہونے کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس وائرس کے بعد سے وہاں قرنطینہ کردیا گیا تھا جبکہ دنیا کے مختلف ممالک نے چین کے لیے پروازیں معطل کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔
ادھر ایران میں اس وائرس سے کم از کم 5 ہلاکتوں کے بعد پاکستان نے بھی احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے پڑوسی ملک کے لیے اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا۔ اس کے علاوہ الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ پاکستان کے علاوہ ترکی اور ارمینیا نے بھی ایران سے اپنی سرحدوں کو بند کردیا، جس کی وجہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کا سامنے آنا ہے۔ ساتھ ہی افغانستان نے بھی ایران کے معاملے میں سفری پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button