ہمایوں سعید نیٹ فلیکس سیریز میں جلوہ گر ہونگے یا نہیں؟

سوشل میڈیا پر خبریں گرم ہونے کے باوجود پاکستانی سپر سٹار ہمایوں سعید نے نیٹ فلیکس کی متنازع سیریز ’’ دی کرائون‘‘ میں جلوہ گر ہونے کی تصدیق نہیں کی، یاد رہے کہ ماضی قریب میں پاکستانی شوبز شخصیات اور صحافیوں نے ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر مبارک باد بھی پیش کی تھی، تب بتایا گیا تھا کہ وہ اس سیریز میں لیڈی ڈیانا کے عاشق ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اداکار نے خود اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

’دی کراؤن‘ کی ٹیم نے بھی اب تک ہمایوں سعید کو ویب سیریز کا حصہ بنانے کی تصدیق نہیں کی لیکن ایک شوبز ویب سائٹ نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ ’انٹرٹینمٹ ویکلی‘ نے ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی آسٹریلوی اداکارہ ایلزبتھ ڈیبکی کا طویل انٹرویو کیا، جس میں انہوں نے ہمایوں سعید سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے پاکستانی اداکار کی تعریف کرتےہوئے انہیں نہ صرف بہترین اداکار قرار دیا بلکہ ان کے ساتھ کام کرنے کو اپنی خوش قسمتی بھی قرار دیا۔ الزبتھ ڈیبکی نے ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی اداکار بہت ہی اچھے لگے، انہیں ان کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آیا اور یہ کہ ہمایوں بہت اچھی شخصیت اور دل کے مالک ہیں، اداکارہ کے مطابق ان کے خیال میں ہمایوں بہت اچھے طریقے سے کام کرتے ہیں اور وہ جہاں بہترین اداکار ہیں، وہیں ان کی شخصیت بھی کمال کی ہے۔

ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے، جن سے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان پر لیڈی ڈیانا فدا تھیں، پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس کا کردار ڈومنک ویسٹ ادا کرتے دکھائی دیں گے جبکہ ان کی دوسری اہلیہ کمیلا پارکر کا کردار اولیویا ولیمز ادا کریں گی۔پانچویں سیزن مین امیلڈا اسٹانٹون ملکہ برطانیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی، اس سیزن میں دو سے زائد برطانوی وزرائے اعظم کے کردار بھی دکھائے جائیں گے جب کہ دیگر متعدد شاہی محل کی شخصیات بھی دکھائی جائیں گی۔

اسی سیزن میں ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کی موت کا منظر بھی دکھایا جائے گا۔ اسکے علاوہ انکے دونوں بچوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی جوانی بھی دکھائی جائے گی۔ویب سیریز کے پاانچویں سیزن کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا، ’دی کراؤن‘ برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔ سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، اس سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔ دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔
دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔ سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا، سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔ چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیراعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔

Back to top button