آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش

بھارتی پنجاب کے آنجہانی معروف گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
گلوکار شبھ دیپ سنگھ جنہیں دنیا بھر میں سدھو موسے والا کے نام سے جانا جاتا تھا، کے والد بلکور سنگھ نے اتوار کی صبح انسٹاگرام پر ننھے مہمان کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور اطلاع دی کہ ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
آنجہانی گلوکار کے والد نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ‘سدھو موسے والا کے لاکھوں مداحوں کی دعاؤں سے خدا نے ہمیں اس کا چھوٹا بھائی عطا کیا ہے’۔
انہوں نے بتایا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں، ساتھ ہی بلکور سنگھ نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فروری کے آخر میں بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
تاہم اس حوالے سے ان کے خاندان والوں نے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔
