ہم نے تبدیل شدہ مشرق وسطیٰ کی بنیاد رکھی ہے: امریکی نائب صدر

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ہم نے تبدیل شدہ اور مختلف مشرق وسطیٰ کی بنیاد رکھی ہے،اب اس پر کام جاری رکھنا ہوگا۔
سوئٹزرلینڈ سے امریکا روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں گزارے 36 گھنٹے بہت نتیجہ خیز رہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے کہاکہ ہم نے ایسا طریقۂ کار قائم کرلیا ہےجس سے آبنائے ہرمز کھلی رہے گی،اب ایندھن کی قیمتیں مزید کم ہوتی رہیں گی،علاقائی جنگ بندی یقینی بنانے کےلیے بھی مناسب نظام قائم کیا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہاکہ جنگ بندی برقرار رکھنے کےلیے ہم اتحادیوں، اسرائیلیوں، خلیجی ممالک سب کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے: جے ڈی وینس
انہوں نے کہا کہ ایران نے بہت عرصے بعد جوہری پروگرام کے معائنہ کاروں کو آنے کی اجازت دی ہے،معائنہ کاروں کو داخلے کی اجازت بڑی بات ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہےکہ معائنہ کرایا جاتاہے یا نہیں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گےکہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات میں مسلسل پیش رفت ہورہی ہے۔
