ایرانی تیل پر پابندیاں ختم، کیا پاکستان میں پیٹرول سستا ہونے والا ہے؟

امریکہ کی جانب سے ایران کو 60 روز کے لیے خام تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دینے کے فیصلے کو نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی توانائی منڈی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے یہ عارضی لائسنس ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور پاکستان و قطر اس سفارتی عمل میں اہم سہولت کار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام صرف ایک معاشی رعایت نہیں بلکہ خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کا عکاس بھی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس 60 روزہ لائسنس کے تحت ایران کو خام تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی عالمی سطح پر فروخت، ترسیل اور برآمد کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بینکاری، انشورنس اور شپنگ کے معاملات میں بھی نرمی فراہم کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایران کو کئی برس بعد عالمی توانائی منڈیوں تک نسبتاً آزادانہ رسائی حاصل ہو رہی ہے۔ اس فیصلے کو امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی عمل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت اور جوہری معاملات پر تعاون جیسے موضوعات شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے کا سب سے بڑا فائدہ یقیناً ایران کو حاصل ہوگا۔ برسوں سے معاشی پابندیوں کے باعث دباؤ کا شکار ایرانی معیشت کو اب تیل کی برآمدات میں اضافے، زرمبادلہ کے حصول اور بین الاقوامی مالیاتی نظام تک محدود رسائی بحال ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔ پابندیوں کے دوران ایران کو اپنا تیل پیچیدہ اور غیر رسمی نیٹ ورکس کے ذریعے فروخت کرنا پڑتا تھا، لیکن نئی صورتحال میں تجارت نسبتاً آسان اور کم لاگت ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تہران اس پیش رفت کو اپنی معاشی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہا ہے۔
پاکستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس فیصلے کی اہمیت خاصی زیادہ ہے کیونکہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کا بڑا حصہ درآمدی تیل سے پورا کرتا ہے اور ہر سال اربوں ڈالر کا زرمبادلہ اس مد میں خرچ کرتا ہے۔ ایسے میں اگر ایران دوبارہ عالمی منڈی میں ایک فعال برآمد کنندہ کے طور پر سامنے آتا ہے تو تیل کی عالمی سپلائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے قیمتوں پر دباؤ کم ہوگا اور پاکستان جیسے درآمدی ممالک کو بالواسطہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
تاہم توانائی ماہرین اس تاثر کو درست نہیں سمجھتے کہ ایران پر پابندیوں میں نرمی کے فوراً بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہو جائے گا۔ ان کے مطابق پابندیوں کے دوران ایران رعایتی نرخوں پر تیل فروخت کرنے پر مجبور تھا کیونکہ اس کے خریدار محدود تھے، لیکن اب جب اسے دوبارہ عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو رہی ہے تو وہ بھی اپنی مصنوعات بین الاقوامی نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کی کوشش کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی صارفین کو فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔
پاکستان کے لیے ایک اور اہم سوال یہ ہے کہ کیا وہ براہِ راست ایران سے خام تیل خرید سکے گا؟ ماہرین کے مطابق اس کا جواب مکمل طور پر سادہ نہیں۔ اگرچہ پابندیوں میں نرمی سے راستہ آسان ہو سکتا ہے، لیکن پاکستان کے موجودہ درآمدی معاہدے زیادہ تر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ریفائنریوں کی تکنیکی صلاحیت بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔
توانائی شعبے کے ماہرین کے مطابق ایرانی خام تیل نسبتاً بھاری نوعیت کا ہوتا ہے جس سے زیادہ مقدار میں فرنس آئل پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان کی بیشتر ریفائنریاں ہلکے خام تیل کو پراسیس کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، اس لیے موجودہ انفراسٹرکچر میں ایرانی خام تیل کا بڑے پیمانے پر استعمال معاشی طور پر زیادہ فائدہ مند نہیں سمجھا جاتا۔ اگر پاکستان مستقبل میں ایرانی خام تیل سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو اسے اپنی ریفائننگ صلاحیت کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنا ہوگا۔
اس سارے منظرنامے میں پاکستان کے لیے سب سے اہم اور ممکنہ طور پر سب سے بڑا فائدہ پاک۔ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی ہو سکتا ہے۔ یہ منصوبہ کئی برسوں سے امریکی پابندیوں، مالیاتی خدشات اور سفارتی پیچیدگیوں کا شکار رہا ہے۔ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کامیاب رہتے ہیں اور پابندیوں میں مزید نرمی آتی ہے تو اس منصوبے پر پیش رفت کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان، جو اس وقت گیس کی شدید قلت اور توانائی بحران کا سامنا کر رہا ہے، اس منصوبے کو اپنی توانائی سلامتی کے لیے ایک اہم حل سمجھتا ہے۔
اس کے علاوہ سرحدی تجارت، بجلی کی درآمد، ایل پی جی کی فراہمی اور دیگر توانائی منصوبوں میں بھی نئی پیش رفت کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ پاکستان اور ایران جغرافیائی طور پر قریبی ہمسایہ ممالک ہیں، اس لیے توانائی کی ترسیل کی لاگت بھی نسبتاً کم رہ سکتی ہے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے معاشی فوائد کا باعث بن سکتی ہے۔
مبنصریں کے بقول اس تمام پیش رفت کا ایک اہم پہلو پاکستان کا سفارتی کردار بھی ہے۔ حالیہ امریکہ۔ایران مفاہمتی عمل میں اسلام آباد نے ایک فعال سہولت کار کے طور پر کردار ادا کیا ہے، جسے پاکستانی حکومت اپنی سفارتی کامیابی قرار دے رہی ہے۔ اگر آنے والے ہفتوں میں مذاکرات مزید آگے بڑھتے ہیں اور کسی جامع معاہدے کی صورت سامنے آتی ہے تو پاکستان نہ صرف خطے میں ایک مؤثر ثالث کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کر سکے گا بلکہ توانائی، تجارت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں بھی عملی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ فی الحال 60 روزہ لائسنس ایک عارضی انتظام ضرور ہے، لیکن اس نے کئی برسوں سے جمود کا شکار علاقائی توانائی سیاست میں نئی حرکت پیدا کر دی ہے۔ اگر یہ عمل کامیابی سے آگے بڑھتا ہے تو اس کے اثرات صرف ایران اور امریکہ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پاکستان سمیت پورے خطے کی معیشت، توانائی سلامتی اور سفارتی تعلقات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
