PTIکی تنقیدی مہمات کے باوجود فیلڈ مارشل کی عالمی مقبولیت قائم

گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور اس کے حامی حلقوں نے بیرون ملک، بالخصوص امریکہ اور یورپ میں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خلاف مختلف نوعیت کی سیاسی اور میڈیا مہمات چلائیں۔ تاہم عالمی سفارتی منظرنامے میں رونما ہونے والی حالیہ پیش رفت نے ایک مختلف تصویر پیش کی ہے، جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ بین الاقوامی سفارت کاری میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وانس کی جانب سے حالیہ مہینوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے غیر معمولی تعریفی کلمات اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ واشنگٹن پاکستان کے کردار کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قرار دےرہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی سے وابستہ حلقوں نے بیرون ملک احتجاج، لابنگ اور سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے فوجی قیادت پر دباؤ بڑھانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم ان کوششوں کے برعکس عالمی سطح پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حیثیت مزید مستحکم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے کسی فوجی رہنما کو مسلسل اور کھلے انداز میں سراہنا ایک غیر معمولی امر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ عرصے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا اور سفارتی حلقوں میں بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
مبصرین کے مطابق صدر ٹرمپ متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو "عظیم جرنیل”، "غیر معمولی انسان”، "زبردست فائٹر” اور "انتہائی اہم شخصیت” قرار دے چکے ہیں۔ امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت، خصوصاً وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط بڑھانے میں کلیدی قرار دیا ہے۔ اسی طرح امریکی نائب صدر جے ڈی وانس نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی عمل کے تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور سفارتی کوششوں کے بغیر موجودہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔ وانس نے یہاں تک کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کسی بھی دوسرے عالمی رہنما سے زیادہ رابطے رکھے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق یہ صورتحال پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، ایران امریکہ مذاکرات اور علاقائی سلامتی کے معاملات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں، ایران امریکہ مذاکرات اور مختلف تنازعات میں پاکستان کے کردار نے ملک کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ اسی تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک ایسے رہنما کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو عسکری ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ سفارتی میدان میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال یہ ظاہر کرتی ہے کہ عالمی سیاست میں پاکستان کی سفارتی افادیت بڑھ رہی ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شخصیت اس نئی سفارتی حکمت عملی کا اہم حصہ بن کر ابھر رہی ہے۔
